جے پور4ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پاکستان کے نئے وزیر اعظم عمران خان کی حلف برداری تقریب میں جا کر تنازعات میں آ چکے کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ پاکستان میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد بھارت کے ساتھ اس کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ان کا یہ بھروسہ اس وقت مضبوط ہوا جب وہ پاکستان سے واپس آئے اور تنازعہ ہو۔ اس پر ان کے دوست (عمران خان) کی جانب سے پیغام آیا کہ وہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں، اور اس سمت میں اگر ہم ایک قدم بڑھائیں گے تو وہ (پاکستان) دو قدم آگے بڑھائیں گے ۔راجستھان کے اجمیر شہر میں ایک پروگرام میں حصہ لینے آئے نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی جب پاکستان سے لوٹے تو کارگل جنگ ہوئی، وزیر اعظم نریندر مودی جب پاکستان سے واپس آئے تو پٹھان کوٹ میں دہشت گردانہ حملہ ہو گیا۔ لیکن جب میں واپس آیا تو کچھ نوک جھونک ہونے پر میرے دوست کا پیغام آیا کہ ہم امن چاہتے ہیں ، آپ ایک قدم بڑھائیں گے تو ہم دو قدم آگے بڑھائیں گے۔اجمیر میں یوتھ کانگریس کی طرف سے منعقد پروگرام میں پنجاب کے وزیر سیاحت نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی رکاوٹ توڑتے ہیں اور چاہے کھلاڑی ہو یا آرٹسٹ، وہ محبت کا پیغام دے کر لوگوں کو قریب لانے کے لئے کام کرتے ہیں۔